ملتان(نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ملتان میں میڈیکل سٹی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے منصوبے کا وہ تفصیلی جائزہ لیں گے۔ انہوں نے اس امید کا اظہارکیاکہ آئندہ الیکشن کے نتیجے میں جو بھی حکومت بنے تمام قوتیں مل کر پاکستان کے لئے اپنی صلاحتیں بروئے کارلائے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، گورنر پنجاب انجینئر بلیغ الرحمن، نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ واضح رہے کہ 500 بیڈز پر مشتمل نشتر -IIہسپتال سے جنوبی پنجاب کے دور دراز علاقوں کے عوام مستفید ہوں گے۔پی ٹی آئی حکومت نے 4 سال برباد کردیئے ، عمران نیازی 4 سال ہاتھ پہ ہاتھ دھرے بیٹھے رہے اور چور ڈاکو کے نعرے لگاکر وقت برباد کیا۔ جمعرات کوملتان میں زیر تعمیر نشتر۔II ہسپتال کے معائنے کے دوران گفتگو کرتےہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 2018 میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اس منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا تھا اور تمام لوازمات مکمل کئے تھے۔ جھرلو الیکشن کے بعد جوعمران نیازی کو کندھوں پر بیٹھا کر اقتدارمیں لائے تھے انہیں چاہیے تھا کہ عمران نیازی سے یہ ہسپتال بنواتے تاکہ دکھی انسانیت کی خدمت ہو سکتی لیکن پی ٹی آئی حکومت نے 4 سال برباد کردیئے اور زیر تعمیر نشتر۔II ہسپتال صرف 3، 4 ملین روپے مختص کئے جو ایک مذاق تھا۔ اس ہسپتال کو صرف اس لئے نظر انداز کیاگیا کہ کہیں مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف کو کریڈٹ نہ مل جائے۔ وزیراعظم نے کہاکہ مجھے بتایا گیا ہے کہ اس ہسپتال کی تعمیر 30 ستمبر تک مکمل ہو جائے گی۔ یہ عوامی خدمت کا منصوبہ ہے۔ وزیراعظم نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کو اس منصوبے کی تکمیل کے لئے دن رات کوششوں پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو حمزہ شہباز کی قیادت میں مختصر مدت کےلئے پنجاب میں خدمت کاموقع ملا لیکن جو کچھ ان کے ساتھ ہوا وہ بھی تاریخ کا حصہ ہے۔ ماضی میں ہماری حکومتیں ختم نہ کی جاتیں اور عمران نیازی کو اقتدار میں نہ لایا جاتا تو پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہوتا۔ وہ 4 سال ہاتھ پہ ہاتھ دھرے رہے اور چور ڈاکو کے نعرے لگاتےرہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہیں بتایا گیا ہے کہ ہسپتال کے لئے مشینری بھی درآمد کر لی گئی ہے۔