اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )پاکستان نے کہا ہے کہ حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھیں گے۔جمعرات کو پریس بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں سے جاری بھارتی جبرحق خود ارادیت کے لئے جدوجہد جاری رکھنے والے کشمیری عوام کی خواہش کو توڑنے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم آج 92واں یوم شہدائے کشمیر ان 22کشمیریوں کی شہادت کی یاد میں منا رہی ہے جنہوں نے 1931میں ڈوگرہ افواج کی وحشیانہ اور اندھا دھند فائرنگ کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ترجمان نے کہا کہ بہادری سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لئے دلیرانہ جدوجہد کا آغاز کرنے والے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈوگرہ افواج کی طرح گزشتہ ستر سالوں میں قابض بھارتی افواج نے ہزاروں کشمیریوں کو محض حق خود ارادیت کے مطالبہ پر شہید کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت 5اگست 2019سے اب تک جموں و کشمیر میں780سے زائد کشمیریوں کو شہید کرچکاہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی بھارتی جبر کے خلاف منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔