اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور صدر اسلامی ترقیاتی بنک ڈاکٹر محمد سلمان الجاسر کے درمیان ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی جس میں وزیرِ اعظم نے صدر اسلامی ترقیاتی بنک ڈاکٹر محمد سلمان الجاسر اور اسلامی ترقیاتی بنک کا پاکستان کو ایک ارب ڈالر دینے پر شکریہ ادا کیا۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان کے عالمی مالیاتی ادارے سے اسٹینڈ بائی معاہدے کو حتمی شکل دینے کیلئے اسلامی ترقیاتی بنک کی طرف سے ملنے والے ایک ارب ڈالر نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ اس مدد کے بغیر پاکستان کا آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ مشکل تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ترقیاتی بنک پاکستان کا ایک اہم شراکت دار ہے جس نے پاکستان کی ہر مشکل وقت میں مدد کی۔وزیرِ اعظم نے فرانس میں اپنی اور صدر اسلامی ترقیاتی بنک کی خوشگوار ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسلامی ترقیاتی بنک کے ساتھ اپنی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کا خواہاں ہے۔وزیرِ اعظم نے صدر ڈاکٹر محمد سلمان الجاسر کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے حال ہی میں قائم کردہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کے قیام کے بارے آگاہ کیا جو خصوصی طور پر ملک کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے قائم کی گئی ہے۔صدر اسلامی ترقیاتی بنک ڈاکٹر محمد سلمان الجاسر نے کہا کہ پاکستان ہمارا برادر ملک ہے جس کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔ وزیر اعظم نے ڈاکٹر محمد سلمان الجاسر کو پاکستان دورے کی دعوت بھی دی۔