اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سابق حکومت نے ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی کے اثاثوں کو نیلام کرنے کا منصوبہ بنایا، ہم نے اقتدار میں آ کر قومی اثاثوں کو عوام کے لئے استعمال کیا، انہیں نیلام نہیں کیا، سابق وزیر اطلاعات ہر چیز کو بیچ دو کی پالیسی لے کر آئے تھے، ہم نے پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان میں معاشی بحالی کا منصوبہ شروع کیا، پی ٹی وی نے رواں سال ریکارڈ 5.5 ارب روپے کا ریکارڈ منافع کمایا، پی ٹی وی پشاور، ملتان اور کراچی سے علاقائی زبانوں کی نشریات 24 گھنٹے شروع کر دی ہیں، ریڈیو پاکستان میں 12 نئے سٹوڈیوز قائم کئے ہیں، ریڈیو پاکستان کی عمارتوں کی حدود میں عوام کو سستی تفریح کی فراہمی کے لئے نئے سینما ہاﺅسز قائم کئے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کی صدارت کمیٹی کی چیئرپرسن جویریہ ظفر آہیر نے کی۔ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان کے علاوہ وفاقی سیکریٹری اطلاعات سہیل علی خان، پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن، ڈی جی پیمرا سمیت وزارت اطلاعات کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سابق حکومت نے 2018ئ میں ریڈیو اور پی ٹی وی کو پرائیویٹ کرنے کے لئے اس کے اثاثوں کو نیلام کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، ہم نے ان اداروں میں معاشی بحالی کے منصوبے کا آغاز کیا۔ رواں سال پی ٹی وی نے 5.5 ارب روپے کا ریکارڈ منافع حاصل کیا، پی ٹی وی کی اس آمدن کے پیش نظر ہم نے تمام کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کیا۔