اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)مشیر امور کشمیر وگلگت قمر زمان کائرہ نے کہا کہ کشمیری آزادی کا علم مضبوطی سے تھامے ہوئے ہیں،بھارتی جبر و استبداد کشمیریوں کے جذبہ حریت کو شکست نہیں دے سکتا،پاکستان کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھے گا۔تفصیلات کے مطابق مشیر امور کشمیروگلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے ایک بیان13جولائی 1931کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداءنے ڈوگرہ مہاراجہ کے سفاک سپاہیوں کے سامنے اذان مکمل کر کے ایمان اور عزم کی لازوال مثال قائم کی،تاریخ ساز واقعہ نے آزادی کشمیر کی وہ مضبوط بنیاد رکھی جو آج بھی جاری ہے،ک شمیری اسی جذبہ ایمانی اور جرات سے قابض بھارتی افواج کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری نوجوان آزادی کا علم مضبوطی سے تھامے ہوئے ہیں،برہان وانی شہید جیسے ہزاروں نوجوان حق خودارادیت کے لئے پرعزم ہیں،بھارتی جبر و استبداد کشمیریوں کے جذبہ حریت کو شکست نہیں دے سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھے گا،9دہائیوں سے جاری تحریک آزادی عنقریب کامیابی سے ہمکنار ہو گی۔