گلگت (نمائندہ خصوصی) گلگت بلتستان کے قائد ایوان کےلئے ہونے والے انتخاب میں فاروڈ بلاک کے امیدوار حاجی گلبر خان وزیر اعلیٰ منتخب ہو گئے ۔ہم خیال گروپ کے اعلان کے مطابق وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے ہونے والے عمل کا مکمل بائیکاٹ کیا اور اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔اسمبلی کا اجلاس 12 کے بجائے ساڑھے 12 بجے شروع ہوا تو اسپیکر نذیر احمد نے حاجی گلبر خان کے حامی ارکان اسمبلی کو ایک طرف کھڑے ہونے کو کہا جس پر 20 میں سے 19 ارکین جن میں تین نواز لیگ، تین پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ایک رکن اسمبلی نے حمایت کر دی، جس پر اسپیکر نے حاجی گلبر خان کو 19 ووٹ لینے پر کامیاب قائد ایوان قرار دیا۔وزیر اعلی کے انتخابی عمل سے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے نامزد امیدوار راجا اعظم کے ساتھ ہم خیال گروپ کے جاوید علی منوا اور راجا زکریا نے بھی بائیکاٹ کیا، جن کی حمایت میں وحدت مسلمین اور اسلامی تحریک نے بھی رائے شماری میں حصہ نہیں لیا، رائے شماری میں آزاد رکن اسمبلی نواز ناجی نے بھی حصہ نہیں لیا۔منتخب ہونے کے بعد ایوان سے خطاب کرتے ہوئے حاجی گلبر خان نے کہا کہ میری صحت ٹھیک نہ ہونے کے باوجود اراکین اسمبلی نے ساتھ دیا، مجھے منتخب کرانے میں آصف علی زرداری ،میاں نواز شریف اور مولانا فضل الرحمٰن کا اہم کردار ہے، میں ان کا مشکور ہوں۔