کراچی( کرائم رپورٹر )
گورنرسندھ محمدکامران خان ٹیسوری نے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیااس موقع پر ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کراچی ڈاکٹر مقصود احمد نے انکا ستقبال کیاجبکہ ایس ایس یو کے خصوصی دستے نے انکی آمد کے موقع پر سلامی پیش کی۔ گورنر سندھ نے ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کراچی کے ہمراہ ہ اسلحہ خانہ، فائرنگ رینج اورایس ایس یو کے مختلف شعبوں کا دورہ کرتے ہوئے ایس ایس یوکی موجودہ پیشہ وارانہ مہارت اورانتظامات کو مثالی قرار دیا۔ڈی آئی جی ڈاکٹر مقصود احمد نے گورنرسندھ کوایس ایس یو کے قیام سے لیکر جدت سے آراستہ یونٹ کی تشکیل تک کے سفر کے بارے میں آگا ہ کیا۔ انہو ں نے مزید بتایا کہ ملک میں پہلی مرتبہ ایس ایس یو سندھ پولیس میں S.W.A.T ٹیم قائم کی گئی ہے جس میں کمانڈوز بشمول لیڈی کمانڈوز تربیت یافتہ اور جدید ہتھیاروں سے لیس ہیں جو کسی بھی ناخوشگوار حالات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔انھوں نے مزید بتایا کہ کمانڈوز کی پیشہ وارانہ مہارت میں مزید اضافے کے لیے پاکستان آرمی مختلف ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں تربیت فراہم کررہی ہے۔
ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کراچی نے سندھ پولیس کے ذیلی ادارے مددگار- 15 میں کی جانے والی اصلاحات اوراور اپ گریڈیشن کے بارے میں آگاہ کیاکہ مددگار- 15 جسکا کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں ریسپانس ٹائم 30-40 تھا اب محدود ہو کر 07-10 ہو گیاہے۔ کامران خان ٹیسوری نے ایس ایس یو کے انتظامی، سیکیورٹی اور انسداد دہشت گردی امور میں اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار کو سراہا اور سندھ پولیس کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہر اور صوبے کا امن برقرار رکھنے میں سندھ پولیس اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
گورنرسندھ نے S.W.A.T ٹیم کی جانب سے دہشت گردوں سے نمٹنے کے لیے مشقوں کا مشاہدہ کیا
گورنر سندھ کے ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے موقع پر کمانڈنٹ ایس ایس یو ڈاکٹر فرخ علی لنجار، ایس ایس پی مددگار- 15 امجد حیات، ایس ایس پی سیکیورٹی- II سید سلمان احمد، ایس پی فارنرز سیکیورٹی سیل صدام حسین، ایس پی ایس ایس یو انیل حیدر اور ایس پی ایس ایس یو فرح امبرین بھی موجود تھے۔بعد ازاں ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد نے مہمان کو اعزازی شیلڈ پیش کی۔