کراچی(نمائندہ خصوصی) سندھ اسمبلی کا اجلاس آج(بدھ)12جولائی صبح10بجے طلب کرلیا گیاہے۔اجلاس کی صدارت اسپیکر آغا سراج خان درانی کریں گے۔اجلاس بلانے کی درخواست سندھ حکومت کی جانب سے کی گئی تھی، جس کے بعد گورنر سندھ نے اجلاس کی طلبی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔سندھ اسمبلی کے اجلاس میں قانون سازی کے علاوہ، التوا اور استحقاق کی مختلف تحاریک اورعوامی اہمیت کے حامل مختلف توجہ دلاﺅنوٹس بھی زیر بحث آئیں گے۔سندھ اسمبلی کا بدھ سے شروع ہونے والا سیشن اس لحاظ سے اہمیت کا حامل ہے کہ اس اجلاس میں سندھ اسمبلی میں نئے لیڈر آف دی اپوزیشن کی تبدیلی کا بھی امکان ہے۔توقع ہے کہ ایوان حلیم عادل شیخ کی جگہ ایم کیو ایم کے کسی نامزد رکن کو نیا اپوزیشن لیڈر منتخب کرے گا کیونکہ 9مئی کے واقعات کے بعد سے حلیم عادل شیخ ایوان سے مسلسل غیر حاضر ہیں اور سندھ اسمبلی کے اجلاس میں شریک نہیں ہورہے ہیں۔