پشاور(نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ ملک میں بد تہذیبی، گالم گلوچ کی سیاست کا خاتمہ ہو گیا ہے، ہم تمام چیزوں کو بہتر کرکے عوام کو دے کر جائیں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان وفاقی حکومت مریم اورنگزیب نے کہا کہ زمان پارک میں پولیس اور رینجرز کی گاڑیاں جلائی گئیں، پہلے پاکستان ٹیلی ویڑن پر حملہ کیا اور اب ریڈیو پاکستان پشاور پر حملہ آور ہوئے، ریڈیو پاکستان کی بلڈنگ کو جلایا گیا، یہ وہ گناہ ہے جسے تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ عدالتوں میں کہتے ہیں میری چوری اور فارن فنڈنگ کا حساب نہ لیا جائے، ن لیگ پاکستان کو تعمیر کرنے والی جماعت ہے، ن لیگ وفاق کی اکائیوں کو جوڑنے کا پیغام ہے، ہم تمام چیزوں کو بہتر کرکے عوام کو دے کر جائیں گے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ چور وزیراعظم کو ووٹ کے ذریعے پارلیمنٹ سے باہر پھینکا، خیبرپختونخوا میں 4 سال تک ایک تعمیری کام نہیں کیا گیا، صوبے میں کسی ہسپتال میں ایک کمرہ نہیں بنا سکے، خیبر پختونخوا کے لوگ کبھی اس سازشی کو ووٹ نہیں دیں گے۔خیبر پختونخوا کے عوام آج سے 24 گھنٹے علاقائی زبانوں میں نشریات دیکھ سکیں گے۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پی ٹی وی نیشنل پر پشتو اور ہندکو سمیت خیبر پختونخوا کی علاقائی زبانوں کے دورانیہ میں اضافے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خیبر پختونخوا کے عوام، پی ٹی وی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ خیبر پختونخوا عظیم ورثے کا حامل صوبہ ہے، پی ٹی وی کی ہمیشہ سے ایک منفرد پہچان اور حیثیت ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ خیبر پختونخوا کی عوام کا دیرینہ مطالبہ آج پورا ہوا ہے، خیبر پختونخوا کے عوام آج سے 24 گھنٹے علاقائی زبانوں میں نشریات دیکھ سکیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ تمام آرکائیوز کو ڈیجیٹل کرنے کا نیشنل پروگرام شروع کیا ہے، جلنے والے آرکائیوز کو واپس نہیں لایا جا سکتا، یہ وہ خزانہ تھا جو ضائع ہوگیا۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ خواہش ہے کہ پشاور کے عوام کو عالمی معیار کی ٹرانسپورٹ میسر آئے۔ وزیراطلاعات ونشریات نے کہاکہ ملک میں بد تہذیبی، گالم گلوچ کی سیاست کا خاتمہ ہو گیا ہے۔