لاہور/نارووال ( بیورو رپورٹ/نمائندہ خصوصی)بھارت نے دریائے راوی کے بعد دریائے چناب میں بھی پانی چھوڑ دیا ، دو لاکھ 33 ہزار کیوسک پانی کی آمد سے درمیانے درجے کا سیلاب ہے، ہیڈ مرالہ پرپانی کی آمد ایک لاکھ 76 ہزار940 کیوسک اور ہیڈ خانکی پر94ہزار 364 کیوسک ریکارڈ کی گئی۔حکام کے مطابق دریائے راوی میں جسر کرتارپور پر پانی کا بہاﺅ 30 ہزارکیوسک تک بڑھ گیا۔ سیلابی ریلا شاہدرہ کی طرف بڑھنے لگا، دریا کے اندرآباد بستیوں کو خطرہ ہوسکتا ہے۔پنجاب رینجرزاورریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کے عملے نے تحصیل شکر گڑھ میں مشترکہ ریسکیو آپریشن کرکے سیلابی ریلے میں پھنسے لوگوں کو بچا لیا۔ دھان کی کاشتکاری کے دوران متعددافراد بھارت کی جانب سے آنے والے سیلابی ریلے میں پھنس گئے تھے۔اطلاع ملتے ہی پنجاب رینجرز اور ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کی ریسکیو ٹیموں نے تحصیل شکرگڑھ کے سرحدی علاقے میں بروقت ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ ریسکیو ٹیموں نے 300سے زائد افراد کو بحفاظت نکال لیا۔ سیلابی ریلے میں پھنسے افراد نے ریسکیو آپریشن کامیابی سے مکمل ہونے پر ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو اورپنجاب رینجرز کی ٹیموں کا شکریہ ادا کیا۔نارووال سے ” این این آئی “ کے نامہ نگا ر نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نعیم اختر کے حوالے سے بتایا کہ پانچ خواتین سمیت 60 لوگوں کو گاﺅں چک جندھڑ شکرگڑھ کے قریب پانی سے ریسکیو کیا گیا۔ لوگ کام کرنے کی غرض کھیتوں وغیرہ میں گئے ہوئے تھے کہ پھنس گئے۔دھاڑیوال سے 51 لوگوں کو بحفاظت دریا کے دوسرے کنارے سے ریسکیو کیا گیا۔ چندیاں والی میں 04 لوگوں کو ریسکیو کیا گیا،جھن مان سنگھ اور پیر کنڈیالہ سے 186 لوگوں کو ریسکیو کیا گیا۔ ریسکیو کئے گئے افراد میں 202 مرد اور 99 خواتین شامل ہیں۔بھارت کی جانب سے مطلع کیا گیا ہے کہ مرالہ پر بہا ﺅ2 لاکھ 20 ہزار کیوسک تک جا سکتا ہے، درمیانے درجے کا سیلاب ہوگا۔پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے کے مطابق بارش کے خطرے سے دوچار علاقوں کی انتظامیہ 20 جولائی تک سیلاب کے امکانات کے حوالے سے حساس علاقوں خاص طور پر دریائے چناب پر مرالہ ہیڈ ورکس اور دریائے راوی میں جسر کے مقام پر مانیٹرنگ جاری رکھے گی۔پاکستان کمیشن انڈس واٹرکے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق دریائے چناب میں مرالہ اپ اسٹریم میں سیلابی ریلے کا تیز بہاﺅ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے باعث مرالہ میں آئندہ12 گھنٹوں کے دوران پانی کے بہاﺅ میں اضافے کا امکان ہے۔این ڈی ایم اے کی طرف سے تازہ ترین اعدادوشمار پر مشتمل ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ اعداد و شمار کے مطابق مرالہ کی گنجائش 11 لاکھ کیوسک ہے۔ موجودہ سطح ایک لاکھ 70 ہزار کیوسک ہے اور درمیانے درجہ کی سیلابی صورتحال ہے۔ پانی کے بہاﺅ میں اڑھائی لاکھ کیوسک کا اضافہ متوقع ہے جس سے اونچے درجے کی ممکنہ سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔ اس کے پیش نظر این ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور نشیبی علاقوں کی نشاندہی بھی کر دی گئی ہے، ضرورت پڑنے پر حساس علاقوں کو صورتحال پر فوری طور پر آگاہ کیا جائے گا۔ ممکنہ تیز بہاﺅ کے پیش نظر پانی کو ریگولیٹ کرنے کے نظام کو الرٹ کردیا گیا ہے تاکہ لنک کینال کے ذریعے پانی کو ریگولیٹ کیا جا سکے۔این ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ حساس علاقوں کی مانیٹرنگ اور اپ ڈیٹس کی صورتحال کو مقامی آبادیوں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ شیئر کیا جائے اور کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے متعلقہ اداروں، ریسکیو 1122 اور مسلح افواج کو ہائی الرٹ پر رکھا جائے۔