لاہور ( کورٹ رپورٹر) لاہورہائیکورٹ میں وزیراعلی حمزہ شہباز کو عہدے سے ہٹانے کیلئے دائر درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کردی گئیں۔رجسٹرار آفس نے کیس کی سماعت کیلئے کاز لسٹ جاری کردی۔جسٹس شاہد وحید 20 جون کو حمزہ شہباز کے خلاف دائر درخواستوں کی ریگولر کیس کی حیثیت سے سماعت کریں گے۔
پی ٹی آئی کے میاں محمودالرشید، سبطین خان، (ق) لیگ کے رہنما پرویزالٰہیسمیت دیگر نے درخواستیں دائر کررکھی ہیں۔ درخواستوں میں حمزہ شہباز، چیف سیکرٹری سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا کہ حمزہ شہباز کا الیکشن متنازعہ تھا، آئینی طریقہ کار کے مطابق انتخاب نہیں ہوا، حمزہ شہباز نے مطلوبہ ووٹ حاصل نہیں کئے، سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں حمزہ شہباز کے پاس مطلوبہ نمبرز نہیں ہیں۔درخواستوں میں استدعا کی گئی کہ عدالت حمزہ شہباز کا بطور وزیراعلی حلف کالعدم قرار دے،درخواست کے حتمی فیصلے تک حمزہ شہباز کو بطور وزیراعلی کام سے روکا جائے۔