کراچی(نمائندہ خصوصی) گورنرسندھ نے گورنرہائوس کے گیٹ نمبر 4 پر سندھ آئی ٹی گیٹ کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر جے ڈی سی کے سربراہ ظفر عباس ، چلڈرن آف ایڈم کے سی ای او شہزاد سڈن اور دیگر بھی موجود تھے ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ جدت کو فروغ دینے کے لئے آئی ٹی کو فوقیت دے رہے ہیں کیونکہ دور جدید کی ترقی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مرہون منت ہے ۔ گورنرہائوس میں آئی ٹی کورسز میں داخلہ کے لئے اب تک 10لاکھ امیدواروں کی درخواستیں موصول ہو چکی ہیں پہلے مرحلہ میں ایک لاکھ امیدواروں کا انتخاب بذریعہ ٹیسٹ کیا جائے گا جبکہ دیگر افراد کو دیگر کورسز میں منتقل بھی کر سکتے ہیں ۔ واضح رہے کہ گورنرسندھ کی ہدایت پر گورنرہائوس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تین بڑے کورسز آرٹیفیشل آنٹیلی جنس ، میٹا ورس اور ویب تھری کے کورسز کرانے کے لئے صوبہ بھر سے درخواستیں موصول ہوئی ہیں ۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ ٹیسٹ کے لئے امیدواروں کے رول نمبرز کی فہرست سوشل میڈیا اکائونٹس پر جاری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ دینے والے امیدواروں کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے گیٹ 4 کے سامنے چرچ ، وائی ایم سی اور کامرس کالج نے پیشکش کی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ جب سے گورنرسندھ تعینات ہوا ہوں اس روز سے لے کر آج تک مخیر حضرات ، دوست احباب اور دیگر کے تعاون سے غریب ، مستحق ، سفید پوش اور ضرورت مند افراد کی مدد کررہا ہوں اور اس کار خیر میں حکومت کا ایک روپیہ بھی شامل نہیں ہے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ یہ ہماری خوش نصیبی ہے کہ اچھے کاموں میں ہر ایک اب بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا خواہشمند نظر آتا ہے ، جب سے آئی ٹی کورسز کا اعلان کیا گیا اس روز سے لے کرا ج تک ہر ایک اپنی حیثیت کے مطابق تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرارہا ہے اس ضمن میں سرکاری اور نجی جامعات نے بھی ایک شاندار پیشکش کی ہے کہ آئی ٹی ٹیسٹ میں پاس ہونے والے امیدواروں کو داخلہ دے سکتے ہیں ۔ گورنرسندھ نے میڈیا کا خاص طورپر شکریہ ادا کیا جس نے ہر مرحلہ میں بھرپور ساتھ دیا اور ہر ایک کام کی تشہیر کی جس سے عوام کو آگاہی حاصل ہوئی ۔انہوں نے عمران خان کے رویہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد ہر صورت میں اقتدار کا حصول ہے،انہیں عوام کی کوئی پرواہ نہیں