اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )”ثقافتی سفارتکاری،پاکستان میں گندھارا تہذیب اور بدھ مت ورثہ کو زندہ کرنا“ کے موضوع پر سیمینار 11 اور 12 جولائی کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔تفصیلات کے مطابق گندھارا سیمینار کے انعقاد کا مقصد ثقافتی سفارتکاری اور مذہبی سیاحت کو فروغ دینا ہے،وزیراعظم شہباز شریف کے بین المذاہب ہم آہنگی کے وژن کے تحت یہ سیمینار منعقد ہو رہا ہے، صدر مملکت عارف علوی، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، ڈاکٹر رمیش کمار اور سینٹر طلحہ محمود سیمینار میں شرکت کریں گے ،وزیراعظم شہباز شریف سیمینار کے پہلے روز مہمان خصوصی ہوں گے،سیمینار سے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کلیدی خطاب کریں گے۔ پرائم منسٹر ٹاسک فورس گندھارا ٹورازم کے چیئرمین اور وزیر مملکت ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی خطبہ استقبالیہ دیں گے،جنوبی کوریا، ملائیشیا، چین، تھائی لینڈ، میانمار، ویت نام سے اہم شخصیات سمپوزیم میں شرکت کریں گی ،ثقافتی سفارتکاری میں یہ سیاحتی ایونٹ ایک سنگ میل ثابت ہوگا ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم ٹاسک فورس برائے گندھارا تہذیب، وزارت مذہبی امور، داخلہ، پی ٹی ڈی سی، قومی ورثہ اور کے پی آرکیالوجی ڈپارٹمنٹ اس سمپوزیم میں ملکر کام کر رہے ہیں ،سمپوزیم کی نگرانی وزیر اعظم ٹاسک فورس برائے گندھارا تہذیب کے چیئرمین ڈاکٹر رمیش کمار کر رہے ہیں ،بدھا تہذیب کے مانکس کے ساتھ عالمی مبصرین بھی اس سمپوزیم میں شرکت کریں گے،سری لنکا، میانمار، نیپال سے بدھا تہذیب کے مذہبی پیشوا بھی شریک ہوں گے،سیمینار کے دوسرے روز 12 جولائی کو ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی اختتامی خطاب کریں گے جبکہ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سینیٹر طلحہ محمود مہمان خصوصی ہوں گے،12 جولائی کو پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں ثقافتی تقریب بھی منعقد ہوگی،بین الاقوامی شخصیات کو سمپوزیم کے آخری روز 13 جولائی کو پشاور میوزیم، تخت بائی مردان کے تاریخی مقامات کا دورہ بھی کرایاجائےگا،غیر ملکی مہمان عشائیہ کے موقع پر صدر مملکت سے ملاقات بھی کریں گے۔