لاہور (نمائندہ خصوصی ) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مون سون بارشوں سے ہونے والی اموات کے اعدادوشمار جاری کر دئیے جس کے مطابق 25 جون سے اب تک ملک بھر میں 76 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 9 افراد جاں بحق ہوئے، خیبر پختونخوا میں 2، پنجاب میں 5 افراد بارشوں کے سبب مختلف واقعات میں جاں بحق ہوئے جبکہ8 افراد زخمی ہوئے۔رپورٹ کے مطابق مون سون بارشوں میں 25 جون سے اب تک ملک بھر میں 76 افراد جان سے گئے، جاں بحق ہونے والوں میں 15 خواتین اور 31 بچے شامل ہیں۔سب سے زیادہ 48 اموات پنجاب میں رپورٹ ہوئیں، خیبر پختونخوا 20 اور بلوچستان میں 5 اموات رپورٹ ہوئیں، آزاد کشمیر سے 3 اموات رپورٹ ہوئیں۔ حالیہ بارشوں سے ملک بھر میں 135 افراد زخمی ہوئے، ملک میں بارشوں سے 78 گھروں کو نقصان پہنچا۔این ڈی ایم اے نے مختلف شہروں میں شدید بارشوں سے اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کر دیا۔