وزیر آباد/ لاہور (نمائندہ خصوصی )وزیر آباد کے علاقہ علی پور چٹھہ میں آئل ریفائنری یونٹ میں آگ لگ گئی ، ریسکیو ٹیموں نے دو گھنٹوں کی مسلسل کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا،وزیر اعظم شہباز شریف نے آئل ریفائنری میں آگ لگنے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔تفصیلات کے مطابق علی پور چٹھہ کے آئل ریفائنری یونٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کے بڑے حصے کو لپیٹ میں لے لیا، ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آپریشن شروع کیا اور دو گھنٹے کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ریسکیو حکام کے مطابق آگ یونٹ کے بوائلر اور بیٹنگ چیمبر میں لگی تھی، جس وقت حادثہ پیش آیا اس وقت آئل چیمبر میں 25 ہزار لیٹر خام تیل موجود تھا۔ حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔وزیراعظم شہباز شریف نے آئل ریفائنری میں آگ لگنے کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو عوام اور ریفائنری عملے کی حفاظت کیلئے فوری اقدامات اور واقعے کے مکمل تحقیقات کی ہدایت کردی ہے۔