کراچی(نمائندہ خصوصی)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی برسی کے موقع پر ان کے مزار پر حاضری دی۔ گورنر سندھ نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، انہوں نے ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے دعا بھی کی۔ کامران خان ٹیسوری وہ پہلے گورنر ہیں جنہوں نے مادر ملت کی برسی کے موقع پر ان کے مزار پر حاضری دی، اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کئے ۔ دریں اثناءگورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بابائے قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے مزار پر حاضری دی ، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی برسی پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، انہوں نے کہا کہ مادر ملت ہماری خواتین کے لئے رول ماڈل ہیں کیونکہ انہوں نے نہ صرف قیام پاکستان کی جدو جہد بلکہ بابائے قوم کی وفات کے بعد استحکام پاکستان کے لئے بھی انتھک محنت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مادر ملت کا خطاب ان کی ا ن ہی خدمات کے باعث قوم نے انہیں دیا، کیونکہ وہ پاکستان کے عوام کو ایک ماں کی طرح چاہتی تھیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ آج بابائے قوم کے مزار پر میں نے اس بات پر ندامت کا اظہار کیا کہ 9 مئی کو شرپسندوں نے لاہور میں ان کی یادگار کی بے توقیری کی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ان شرپسندوں کے اس عمل پر میں نے پوری قوم کی جانب سے قائد اعظم ؒ سے معافی مانگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک ایسا گھناﺅنا فعل تھا جس کی پوری قوم نے بھرپور طریقہ سے مذمت کی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میئر کراچی کو 100 دن کا وقت دیا جانا چاہئے،جس کے بعد شہر کی بہتری کے لئے ان کے اقدامات کا جائزہ لے کر میڈیا از خود فیصلہ کرے کہ وہ کتنے کامیاب رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ میئر کراچی شہریوں کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر شروع اور مکمل کریں گے۔ گورنر سندھ نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ کراچی کی آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے شہر قائد میں کئی الیکٹرک کمپنیوں کو کام کرنے کی اجازت ملنی چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک کے لائسنس کی توسیع کی میں مخالفت کرتا ہوں، کراچی کے انفرا اسٹرکچر میں بہتری کے جواب پر انہوں نے کہا کہ کراچی سب کا دوست ہے لیکن اس کا کوئی دوست مجھے دکھائی نہیں دیتا ، انہوں نے مزید کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لئے آواز اٹھاتا رہوں گا۔