کراچی(نمائندہ خصوصی)
گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے انڈونیشیا کے قونصل جنرل کی جانب سے دئیے گئے عشائیہ میں شرکت کی۔ قونصل جنرل انڈونیشیا Dr. June Kuncoro، ان کی اہلیہ Mrs. Ani June Kuncoro اور مختلف ممالک کے قونصل جنرلز بھی تقریب میں شریک تھے۔ گورنر سندھ نے انڈونیشیا کو آسیان ممالک کی تنظیم کے چیئرمین شپ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ انڈونیشیا کی چیئرمین شپ میں آسیان ممالک ترقی و خوشحالی کے نئی منازل طے کریں گے۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ آسیان۔پاکستان آزاد تجارتی معاہدے (FTA) کے لئے ایک مشترکہ فزیبلٹی اسٹڈی کا آغاز کیا گیا، تاکہ اقتصادی روابط کو بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے آسیان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری اور دو طرفہ تجارت میں اضافہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آسیان اور پاکستان سائنس و ٹیکنالوجی، منشیات کی روک تھام ، ماحولیات، سیاحت، اور انسانی وسائل کی ترقی میں تعاون کا آغاز بھی خوش آئند ہے۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ 2022 میں آسیان ممالک سے پاکستان آنے والے سیاحوں کی تعداد 131,082 تھی، جو کہ 2021 سے کہیں زیادہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آسیان کے رکن ممالک کے طلباکے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی، بینکنگ، انجینئرنگ اور میڈیسن میں پاکستان سالانہ مکمل فنڈڈ اسکالر شپس پیش کرتا ہے، اس کے علاوہ کمبوڈیا، لائوس، میانمار اور ویت نام کے لئے انگریزی زبان کے تربیتی پروگرام میں اسکالرشپ کی پیشکش بھی کرچکا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ انڈو نیشیا کی چیئرمین شپ سے آسیان ممالک سے ہر شعبہ میں پاکستان سے تعاون میں اضافہ ہوگا، جبکہ تعاون میں اضافہ پاکستان اور آسیان ممالک کے لئے باہمی طور پر فائدہ مند ثابت ہوگا، گورنر سندھ نے مزید کہا کہ امید ہے کہ انڈونیشیا کے قونصل جنرل اس ضمن میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔