اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے سروس لانگ مارچ ٹائرز اور چائیویانگ لانگ مارچ ٹائرز کے وفد نے چیئرمین لی چنگوین کی قیادت میں اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں سرمایہ کاری سمیت دو طرفہ تعلقات پر گفتگو کی گئی ۔جبکہ وزیراعظم شہبازشریف نے متعلقہ حکام کو چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں ٹائروں کی صنعت کی بہتری کیلئے ہر قسم کی معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔جمعہ کو ہونے والی ملاقات میں معاون خصوصی طارق پاشا اور متعلقہ اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔وزیر اعظم نے وفد کی پاکستان میں ٹائروں کی صنعت میں معروف پاکستانی کمپنی کیساتھ جائنٹ وینچر کے زریعے سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا۔ وزیر اعظم نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ چینی کمپنی کی سرمایہ کاری سے قائم پلانٹ سے پاکستان میں تیار شدہ ٹائر بین الاقوامی منڈیوں میں فروخت ہو رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے بتایا کہ کمپنی کے پاکستان میں تیار شدہ ٹائروں نے ایک برس کی قلیل مدت میں بین الاقوامی منڈیوں میں اپنی جگہ بنا لی ہے۔ وزیر اعظم نے بتایاکہ کمپنی پاکستان میں ٹائروں کی پیداوار کو بڑھا کر سالانہ برآمدات کو 200 ملین ڈالر تک لے کر جائے گی۔وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں ٹائروں کی صنعت کی بہتری کیلئے ہر قسم کی معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو ٹائروں کی اسمگلنگ کی روک تھام یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ٹائر اور اسپیئر پارٹس کی اسمگلنگ روکنے کیلئے جامع پالیسی جلد پیش کی جائے۔ وزیراعظم نے کہاکہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ چین نے پاکستان کی ہر مشکل وقت میں بھائیوں کی طرح مدد کی۔ شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری میں ہر قسم کی معاونت فراہم کرے گا۔