کراچی (نمائندہ خصوصی )صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ریڈ لائن بی آر ٹی پروجیکٹ میں درپیش مسائل کے حل کے لئے کوئی کسر نہ چھوڑی جائے، بی آر ٹی منصوبہ سے کراچی کے لاکھوں لوگ مستفید ہونگے۔ ریڈ لائن بی آر ٹی پروجیکٹ سے متعلق ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے ہدایات جاری کیں کہ ریڈ لائن بی آر ٹی پروجیکٹ کا تعمیراتی کام جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی پروجیکٹ کی جلد تکمیل کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے کاوشوں کی ضرورت ہے، کوشش ہونی چاہئے کہ پروجیکٹ پر کام کے دوران شہریوں کو کسی بھی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت ریڈ لائن بی آر ٹی پروجیکٹ کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس میں ریڈ لائن بی آر ٹی پروجیکٹ میں پیش رفت اور درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ریڈ لائن بی آر ٹی پروجیکٹ کے لئے ٹینک چوک تا صفوران چورنگی انڈر پاس کے تعمیراتی کام میں پیش رفت پر بھی گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں ریڈ لائن بی آر ٹی پروجیکٹ پر کام کی روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت کی نگرانی و جائزے کے لئے ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ، سلیم راجپوت، سی ای او ٹرانس کراچی طفیل پلیجو،ٹرانس کراچی بی او ڈی چیئرمین سریش لودھی، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کمال دایو، ایشین ڈولپمنٹ بینک کے نمائندے شوکت علی علوی، جی ایم ٹرانس کراچی پیر سجاد، بی آر ٹی کنسلٹنٹ سر جیمس، سہیل عابدی اور دیگر نے شرکت کی۔ بعد ازاں نگرانی و جائزے کے لئے تشکیل دی گئی کمیٹی نے سیکریٹری ٹرانسپورٹ سلیم راجپوت کی سربراہی میں ریڈ لائن بی آر ٹی پروجیکٹ کا فزیکل انسپیکشن کرتے ہوئے تعمیراتی کام اور ممکنہ طور پر درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔