اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان قطر کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو وسعت دینا اور برادرانہ تعلقات کو باہمی فائدہ مند اقتصادی تعلقات میں تبدیل کرنا چاہتا ہے، پاکستان قطر کے ساتھ توانائی کے شعبے میں شراکت داری کا خواہاں ہے اور معیشت کے مختلف شعبوں میں قطر کی سرمایہ کاری کا خواہشمند ہے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں قطر کے سبکدوش ہونے والے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن فیصل الثانی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر نے قطر کی حکومت کو پاکستانی تارکین وطن کی میزبانی پر سراہا جو دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط پل کا کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قطر ہنر مند پاکستانی کارکنوں کی تعداد میں اضافہ کرے گا اور پاکستان میں مزید ویزہ سہولیات کھولے گا۔ صدر مملکت نے اسلام فوبیا کے خلاف کوششوں پر قطر کی قیادت کو سراہتے ہوئے مزید کہا کہ عالم اسلام کو دنیا میں بڑھتے ہوئے اسلام فوبیا کے خلاف اجتماعی کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے ساتھ ساتھ ہندوستان میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و ستم کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جموں و کشمیر کا تنازعہ اوربھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں ہندوستانی سیکورٹی فورسز کے ذریعہ کئے جانے والے مظالم علاقائی امن اور سلامتی کے لئے مسلسل خطرہ ہیں۔