اسلام آباد (بیورو رپورٹ )وزیراعظم محمد شہبازشریف نے (آج) جمعہ کو قرآن کریم کی ناموس کے لئے ملک گیر احتجاج کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر پاکستانی قرآن کریم کے تقدس کاپرچم لے کر اپنے گھر سے نکلے اور احتجاج میں شریک ہو۔ وزیراعظم نے جمعرات کو اپنے ٹوئٹ میں کہاکہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس قوم کے احساسات اور جذبات کی بھر پور ترجمانی کرتے ہوئے قرآن کریم کے تقدس کے لئے اپنے پختہ عزم کااظہار کرے گا اور سویڈن سمیت پوری دنیا پر زور دے گا کہ اسلام سمیت تمام مذاہب ، مقدس ہستیوں اور عقائد کا احترام کیاجائے۔ نامو س قرآن ہمارے ایمان کاحصہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ سویڈن سمیت دنیا بھرکہیں بھی قرآن کی بے حرمتی کسی مسلمان کو برداشت نہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کی تمام امن پسند، مہذب اقوام اور عالمی ادارے سوا ار مسلمانوں کے دل دکھانے، ان کےلئے مقدس اور محترم شعائر ، علامات کے خلاف نفرت پھیلیانے ، اسلامو فوبیا کے واقعات روکنے میں کردار ادا کریں۔ دنیا کو شیطان صفت کرداروں کے حوالے کرنا عالمی امن کے لئے خطرہ ہے۔ دنیا کو بے امنی ، نفرت اور انتشار کے جہنم میں دھکیلنے سے روکنا ہوگا۔ وزیراعظم نے کہاکہ یہی پیغام دینے کے لئے (آج)جمعہ 7 جولائی کو قرآن کریم کے ناموس کے لئے ملک گیر احتجاج بھی ہوگا۔ ریلیاں نکالی جائیں گی۔ ہر پاکستانی قرآن کریم کے تقدس کاپرچم لے کر (آج) جمعہ کواپنے گھر سے نکلے اور احتجاج میں شریک ہو۔