اسلام آباد( نمائندہ خصوصی ) استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین کے بھائی عالمگیر ترین نے خودکشی کرلی۔تفصیلات کے مطابق سربراہ استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین کے بھائی عالمگیر ترین نے خودکشی کرلی،خاندانی ذرائع کے مطابق عالمگیر ترین نے پستول سے اپنے سر میں گولی ماری۔جہانگیر ترین کو بھائی کی خودکشی کی خبر پارٹی اجلاس کے دوران ملی۔پولیس کے مطابق عالمگیر ترین لاہور کے علاقے گلبرگ میں واقع اپنے اپارٹمنٹ میں موجود تھے، اطلاع ملنے پرر وہاں پولیس پہنچی، پولیس نے بتایا کہ عالمگیر خان نے پستول سے اپنے سر میں گولی مار کر خود کشی کی۔پولیس حکام کے مطابق عالمگیر ترین نے خودکشی سے قبل ایک تحریر بھی چھوڑی ہے جس میں انہوں نے اپنی بیماری کا ذکر کیا ہے۔ دوسری جانب ان کے قریبی دوستوں نے کہا ہے کہ انہیں عالمگیر ترین کی بیماری کا علم نہیں ہے۔63 سالہ عالمگیر ترین غیر شادی شدہ تھے، ان کی منگنی ہوئی تھی اور وہ دسمبر میں شادی کرنے والے تھے۔عالمگیر ترین معروف بزنس مین اور پی ایس ایل ٹیم ملتان سلطانز کے مالک و مینیجنگ ڈائریکٹر تھے۔مرحوم شمیم اینڈ کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر بھی تھے جو جنوبی پنجاب کے لئے پیپسی کولا کی آفیشل بوٹلر اور فرنچائز ہے، وہ ملک کا سب سے بڑے پانی صاف کرنے کا پلانٹس بھی چلارہے تھے۔عالمگیر ترین نے برکلے یونیورسٹی آف کیلیفورنیا سے بیچلر کیا اور ییل یونیورسٹی سے ماسٹرز کی ڈگری مکمل کی۔