راولپنڈی( نمائندہ خصوصی ) ضلع خیبرمیں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کے دوران پاک فوج کے میجر شہید ہو گئے، آپریشن کے دوران تین دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے شکاس میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا، میجر عبداللہ کی قیادت میں سیکیورٹی دورسز نے ناکہ بندی کرکے دہشت گردوں کے فرار کے راستے مسدود کردیئے، دہشت گردوں نے اس دوران شدید فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وطن کے بہادر سپوت کوہاٹ کے 33 سالہ میجر میاں عبداللہ شاہ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، آپریشن کے دوران تین دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا، علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا، ترجمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں اور جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔