اسلام آباد(بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ اشتعال انگیزی کے واقعات کی روک تھام تمام ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کی ذمہ داری ہے۔سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ سے عالم اسلام کے مذہبی احساسات اور جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ سویڈن واقعے پر اپنے ایک مذمتی ٹویٹ میں سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے کی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شدید الفاظ میں مذمت کی جائے گی، اشتعال انگیزی کے واقعات کی روک تھام تمام ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کی ذمہ داری ہے ہم احترام، رواداری اور مذہب کی آزادی کے اصولوں پر پختہ یقین رکھتے ہیں، اس طرح کے واقعات نہ صرف افراد کے بنیادی حقوق اور وقار کو مجروح کرتے ہیں بلکہ معاشروں میں تقسیم اور نفرت کی وجہ بھی بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذاہب کا احترام اور اپنے عقیدے پر عمل کرنے کی آزادی ایک ہم آہنگ اور جامع معاشرے کا بنیادی ستون ہے، کسی بھی مذہب سے امتیازی سلوک یا نفرت ان اقدار کے منافی ہے اور اس کی واضح مذمت کی جانی چاہیے۔