اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وزیراعظم شہبازشریف نے طوفانی بارش پر پنجاب حکومت کو فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، پی ڈی ایم اے ، میونسپل اور متعلقہ اداروںکے اشتراک عمل کو یقینی بنایا جائے۔بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے وزیراعلیٰ پنجاب کو امدادی ٹیموں کو فوری متحرک کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، پی ڈی ایم اے ، میونسپل اور متعلقہ اداروںکے اشتراک عمل کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کے لئے تمام اقدامات کئے جائیں۔ وزیر اعظم نے ضرورت پڑنے پراین ڈی ایم اے اوروفاقی اداروں کو پنجاب حکومت کو بھرپور معاونت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ شہریوں کو خبردار کرنے، ٹریفک کے متبادل انتظامات اور نکاسی آب کے لئے ضروری اقدامات یقینی بنائیں۔وزیراعظم نے ملک کے دیگر حصوں میں بھی مون سون بارشوں کے دوران پیشگی حفاظتی انتظامات کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ این ڈی ایم اے پی ڈی ایم ایز صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کے اشتراک عمل سے پیشگی انتظامات میں معاونت فراہم کریں ۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ دیہی علاقوں میں شہریوں کی بروقت محفوظ مقامات پر منتقلی، مال مویشیوں کو بچانے کے اقدامات کئے جائیں۔شہبازشریف نے ہدایت کی کہ اربن فلڈنگ سے بچاﺅ کےلئے فوری اور ضروری اقدامات تیز کئے جائیں۔وزیراعظم نے گلگت بلتستان، آزاد جموں وکشمیر، خیبرپختونخوا سمیت تمام پہاڑی علاقوں میں انتظامیہ کو متحرک کرنے کی ہدایت کی ۔وزیراعظم نے تمام اقدامات سے وزیراعظم آفس کو مطلع رکھنے کی بھی ہدایت کی ۔