ملتان(نمائندہ خصوصی )پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت کو 9 ماہ کیلئے 3 ارب ڈالر کا اسٹینڈ بائی قرض ملا ہے،وقتی طور پر تو ڈیفالٹ کا خطرہ ٹل گیا ہے ،چند ماہ بعد کیا ہو گا، ہمیں اس کا حل تلاش کرنا ہو گا، میں 9 تاریخ کو ملتان میں موجود ہی نہیں تھا،9 مئی کے واقع میں نہ ہم ملوث تھے نہ ہیں،ہمارے خلاف مقدمات سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے ہیں،انتظامیہ نے ہم پرمن گھڑت الزامات لگائے،9 مئی کے حوالے سے اپنی بے گناہی ثابت کریں گے،ہم ثابت کریں گے کہ ہماری سوچ کیا ہے،میں نے اور میرے بیٹے نے سر تسلیم خم کرلیا ہے،ہم عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں، سیاسی،قانونی اور پر امن طریقے سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں،ہم انکا سامنا کرتے آئے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلع کچہری ملتان میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مخدومزادہ زین حسین قریشی‘ سینئر ایڈووکیٹ مہر ضمیر حسین سنڈھل سمیت وکلاءٹیم بھی اس موقع پر موجود تھی۔انہوں نے کہا کہ مجھے اعزاز حاصل ہے کہ میں نے بطور وزیر خارجہ پاکستان کا ہر محاذ پر دفاع کیا۔انہوںنے کہاکہ ہم نے اپنے دور حکومت میں اسلام فوبیا کی نشاندہی کی تھی۔ انہوںنے کہاکہ میں نے اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے ٹرینڈ کے خلاف متفقہ قرارداد پاس کروائی،اسلام فوبیا کے بڑھتے ہوئے روجحانات کے خلاف او آئی سی میں آواز بلند کی اور میری درخواست پر تمام او آئی سی کے منسٹرز نے میری ہاں میں ہاں ملائی۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے اقوام متحدہ میں بھی آواز اٹھائی جس میں فیصلہ ہوا کہ 15 مارچ کو اسلاموفوبیا کے خلاف پوری دنیا میں یک زبان ہو کر بات کی جائیگی۔ انہوںنے کہاکہ حدودو قیود کا تعین ہونا چاہیے، میں اظہار رائے کا خواہش مند ہوں، جو کسی کی جان کو خطرے سے دوچار کردے وہ کس قسم کا اظہا ر رائے ہے۔