اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )سرکاری ڈسکوز کیلئے بجلی ایک روپے نوے پیسے ،کراچی والوں کیلئے ایک روپے چوالیس پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی ،نیپرا نے سی پی پی اے اور کے الیکٹرک کی درخواستوں پر سماعت مکمل کر لی تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق نیپرا نے کے الیکٹرک کیلئے 1 روپے 44 پیسے اور سرکاری ڈسکوز کے صارفین کیلئے بجلی 1روپے 90 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔چئیرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی صدارت میں ماہ مئی کے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافے کی درخواستوں پر الگ الگ سماعت ہوئی۔سینٹرل پرچیزنگ پاور ایجنسی کی سرکاری ڈسکوز کے صارفین کیلئے 2روپے 5 پیسے اضافے کی درخواست کے برعکس 1 روپے 90 پیسے جبکہ کے الیکٹرک کی 1روپے 49 پیسے اضافے کی درخواست کے برعکس 1 روپے 44 پیسے اضافے کی منظوری دی گئی۔ ماہ مئی کیلئے سرکاری ڈسکوز کے صارفین پر تئیس ارب جبکہ کراچی والوں کیلئے دو ارب سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا۔نیپرا اتھارٹی کی جانب سے کے الیکٹرک اور سی پی پی اے کی درخواستوں پر تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائےگا جبکہ دوران سماعت اتھارٹی نے این ٹی ڈی سی ڈسکوز اور کے الیکٹرک کی کارکردگی پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا چیئر مین نیپرا نے ریمارکس دئیے کہ چاہنے کے باوجود صارفین کو سستی بجلی فراہم نہیں کر پارہے ہیں روپے کی بے قدری اور مہنگا فرنس آئل صارفین کیلئے عذاب بن گیا ہے۔