کراچی(نمائندہ خصوصی) گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کا اثر ہر گزرتے دن بہتری کی صورت میں نظر آئےگا۔تقریب سے خطاب میں گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا کہ ملکی معیشت کو کئی بار چیلنجز کا سامنا رہا ہے، اس وقت ہماری توجہ مستقل معاشی ترقی پر مرکوز ہے۔گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ پاکستانی بینکنگ قوانین جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہے، اسٹیٹ بینک آزاد اور خود مختار ادارہ ہے اس کا سپروائزری فریم ورک مضبوط ہے، اسٹیٹ بینک کی 16 ہزار سے زائد برانچز کام کررہی ہیں، ہماری مختلف اسکیمز مختلف شعبوں کو فنانسنگ فراہم کررہی ہیں، جدید ٹیکنالوجی کے باعث لوگ گھر میں بیٹھ کر اپنا اکاونٹ ہینڈل کرسکتے ہیں۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمیل احمد نے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدہ مثبت پیش رفت ہے یہ معاہدہ بیرونی فنڈنگ بہاوکو بہتر کرے گا اور معاہدے کا اثر ہر گزرتے دن بہتری کی صورت میں نظر آئے گا، معاہدے سے زرمبادلہ ذخائر بھی بہتر ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں کمی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔