اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعلیٰ خالد خورشید کیخلاف تحریک عدمِ اعتماد اور نااہلی کے معاملے کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا فیصلہ کرلیا اس ضمن میں چیئرمین تحریک انصاف نے گلگت بلتستان کی پارلیمانی پارٹی کو ہدایات جاری کر دیں ،پاکستان تحریک انصاف کے منتخب نمائندوں جو گلگت بلتستان اسمبلی میں واضح اکثریت حاصل ہے ،گلگت بلتستان میں تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اہم ترین اجلاس طلب کرلیا گیا ،چیئرمین تحریک انصاف کی ہدایات کی روشنی میں بھرپور سیاسی و پارلیمانی حکمتِ عملی مرتب کی جائے گی ،گلگت بلتستان کے عوام کے مینڈیٹ کی توہین، اور مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی کوششوں کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی ۔ اعلامیہ کے مطابق گلگت بلتستان کے منتخب وزیراعلیٰ کیخلاف بیک وقت دوہری یلغار کا پورا مقابلہ کیا جائے گا ،تحریک انصاف وزیراعلیٰ خالد خورشید کی نااہلی کے فیصلے کے گہرے تجزیے کے بعد بھرپور قانونی حکمت عملی اختیار کرے گی ۔ اعلامیہ میں کہاگیاکہ گلگت بلتستان کونسل میں تحریک عدمِ اعتماد کے ضمن میں بھی منصوبہ بندی و تیاری کو حتمی شکل دیکر چیئرمین عمران خان کی منظوری کیلئے پیش کی جائے گی ۔انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی وزراتِ اعلیٰ کے لئے متفقہ امیدوار کی نامزدگی کے عمل کو بھی مکمل کرے گی ،چیئرمین عمران خان کی باضابطہ منظوری سے وزارتِ اعلیٰ کے امیدوار کا اعلان کیا جائے گا ۔ پی ٹی آئی نے کہاکہ پاکستان میں آئین اور جمہوریت کا قتلِ عام جاری ہے۔