اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے تاجکستان کے وزیر دفاع شیرعلی مرزو نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی جس میں دوطرفہ دفاعی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے تاجکستان کی عسکری اور سول قیادت اور اس کے عوام کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہاکہ افغانستان کے پڑوسی ہونے کے ناطے پاکستان اور تاجکستان دونوں کو ایک جیسے سیکیورٹی چیلنجز اور خطرات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام مسائل کے پرامن حل پر یقین رکھتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں تاجکستان کی کوششوں کو سراہتا ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ سی پیک گوادر سے کاشغر اور مرغاب تک روابط بڑھانے کے لیے نئے اور منفرد مواقع فراہم کرے گا۔خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان انٹیلی جنس صلاحیتوں میں اضافے اور تاجکستان کی مسلح افواج کے ساتھ تکنیکی مہارت کے تبادلے میں مدد فراہم کرتا رہے گا۔تاجک وزیر دفاع نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل(ریٹائرڈ)حمود الزمان خان نے بھی ملاقات کی۔