اسلام آباد (کامرس رپورٹر )پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں پہلی بار کاروبار کے آغاز پر تاریخ رقم ہوگئی۔آئی ایم ایف سے 3 ارب ڈالر کی ڈیل کے بعد کاروبارکے پہلے دن زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ میں پہلی بار کاروبار کا 2230 پوائنٹس اضافے کے ساتھ آغاز ہوا۔کاروبار کے آغاز پر ہی ہنڈریڈ انڈیکس یکدم 5.3 فیصد اوپر گیا جس کے بعدکاروبار ایک گھنٹے کےلئے روک دیا گیا۔کاروبار کے آغاز پر ہی ہنڈریڈ انڈیکس 43 ہزار کی سطح عبور کرگیا اور اندیکس 2068 پوائنٹس اضافے سے 43521 تک جا پہنچا۔ایک گھنٹے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا دوبارہ آغاز مثبت انداز میں ہوا اور ہنڈریڈ انڈیکس 5.62 فیصد اضافے سے 43783 پر چلا گیا۔عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) اور پاکستان کے درمیان 3 ارب ڈالر کا یہ اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کا معاہدہ ہے۔اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری دے گا اور ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس جولائی کے وسط میں ہوگا۔اعلامیے میں کہا گیا کہ معاہدہ پاکستان کی بیرونی ادائیگیوں کا دباو کم کرے گااور معاہدے سے سماجی شعبے کے لیے فنڈز کی فراہمی بہتر ہوگی جب کہ معاہدے پاکستان میں ٹیکسز کی آمدن بڑھائے گا۔دریں اثنا اپنے ٹوئٹ میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ مئی کی 38 فیصد مہنگائی کے مقابلے میں جون میں مہنگائی 29 فیصد پر آ گئی ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ہنڈرڈ انڈیکس میں 2446 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے جبکہ ڈالر بھی سستا ہوا اور پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر اوپن مارکیٹ میں 270 سے 272 روپے پر فروخت ہورہا ہے۔ وزیر خزانہ نے موجودہ صورتحال پر تشکر کا اظہار کیا۔