لاہور( بیورو رپورٹ)لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے،مختلف شاہراہوں پر پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا، آندھی اور طوفان کی وجہ سے بجلی کا ترسیلی نظام متاثرہونے سے کئی علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہی جس کی وجہ سے پانی کی بھی شدید قلت رہی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اور خیبرپختوانخواہ کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا جس کے سبب شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے، وقفے وقفے سے ہونے والی بارش سے معمولات زندگی بری طرح متاثررہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں پوش علاقوں سمیت متعدد شاہراہوں پر پانی کھڑا ہو گیا جس سے ٹریفک کا نظام سست روی کا شکار ہونے سے درہم برہم ہو گیا اور گاڑیوں کی قطاریں لگی رہیں۔ واسا کا عملہ مشینری کے ہمراہ نکاسی آب کیلئے مصروف رہا۔راولپنڈی میں تیز بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی،مری،گلیات،بالا کوٹ، راولا کوٹ اور باغ میں خوب بارش برسی۔ میانیوالی، جھنگ، قائد آباد میں موسلا دھار بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پری مون سون کا سلسلہ 30 جون تک جاری رہنے کا امکان ہے۔دوسری جانب جمعرات کی رات آندھی اور طوفان سے بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہوا۔ لاہورسمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں جمعرات کی رات سے جمعہ کی دوپہر تک بجلی بند رہی جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات درپیش رہی۔
تقسیم کار کمپنیوں کا عملہ بجلی کی بحالی کے لئے کوشاں رہے اور مختلف علاقوں میں مرحلہ وار بجلی بحال کی گئی۔ بجلی کی بندش کی وجہ سے ٹیوب ویل نہ چلنے سے پانی کی بھی شدید قلت رہی۔بتایاگیاہے کہ آندھی طوفان اورموسلا دھار بارش سے لیسکو کے 200 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے،فیڈرز ٹرپ ہونے سے شہر کے متعدد علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہی،ہربنس پورہ، جلو موڑ، باغبانپورہ، مغلپورہ، فتح گڑھ، والٹن روڈ،چونگی امرسدھو، سمن آباد، شاہدرہ، راوی روڈ،آر اے بازار، نشاط کالونی، بھٹہ چوک، گڑھی شاہو، دھرم پورہ، انارکلی، ہال روڈ، بیڈن روڈ، قلعہ گجر سنگھ، باغبانپورہ، شالیمار لنک روڈ، شاد باغ، بادامی باغ، ریلوے اسٹیشن کے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے۔ ترجمان لیسکو کے مطابق لیسکو ریجن کے مختلف علاقوں میں شدید آندھی کا سلسلہ جمعرات کی شام شروع ہوا، آندھی کے باعث لاہور، اوکاڑہ اور شیخوپورہ سرکلز کے کچھ علاقے متاثر ہوئے ہیں۔