کراچی(نمائندہ خصوصی) ٹمبر مارکیٹ نشتر روڈ پر بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف تاجر سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج کرتے ہوئے روڈ بلاک کر دی، مظاہرین کے مطابق 12 سے 15 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق ٹمبر مارکیٹ نشتر روڈ پر بجلی کی عدم فراہمی پر تاجروں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا اور وہ سڑکوں پر نکل آئے تاجروں نے احتجاج کرتے ہوئے روڈ بلاک کر دی۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ یہاں 12 سے 15 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جس نے جینا اجیرن کردیا ہے، شرجیل گوپلانی نے کہا کہ اس صورتحال میں ٹمبر مارکیٹ، صرافہ بازار اور آئرن مارکیٹ میں کاروبارکرنا ناممکن ہو گیا۔واضح رہے کہ عید کے تیسرے دن سے ہی کراچی کے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا اور اسکیم 33، گلزارہجری، اورنگی سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ تھا۔اس سے قبل کراچی کے گنجان آباد علاقوں ملیر، سرجانی ٹاون، نیو کراچی سمیت مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ طویل ترین لوڈشیڈنگ کی جا رہی تھی اور کئی جگہوں پر بجلی کی بندش کا دورانیہ 15 سے 16 گھنٹے تک پہنچ گیا تھا۔