کوئٹہ (نمائندہ خصوصی ) وفاقی وزیر ہاوسنگ اینڈ ورکس مولانا عبد الواسع نے کہا ہے کہ سویڈن میں قرآن پاک نذر آتش کرنے کے گھناونے فعل سے دنیا بھر میں بسنے والے اربوں مسلمانوں کے احساسات و جذبات بری طرح مجروح ہوئے ہیں، اس گھناونے فعل کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نےپیر کو پارٹی رہنماو¿ں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام ایک پر امن مذہب ہے اور تمام مذاہب کی تعلیمات اور عقائد کے احترام کا درس دیتا ہے۔عالمی برادری اس افسوسناک واقعہ کا فوری طور پر نوٹس لے اور واقعے میں ملوث عناصر کو گرفتار کر کے سزا دی جائے۔انھوں نے کہا کہ سویڈن میں ایک دائیں بازو کے انتہا پسند کی طرف سے قرآن پاک کی بے حرمتی کے گھناونے فعل کی مذمت کے لیے الفاظ کافی نہیں،آزادی اظہار کا لبادہ دنیا بھر کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ یہ ناقابل قبول ہے۔وفاقی وزیرنے کہا کہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں کسی کو بھی دوسرے مذاہب سے تعلق رکھنے والوں کی مقدس مذہبی کتابوں کی بے حرمتی کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔