کراچی ( نمائندہ خصوصی) عدالت نے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کی درخواست پر ورثا کو بذریعہ پولیس نوٹسز جاری کرتے ہوئے طلب کرلیا
تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی میں معروف اینکر پرسن عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کے لئے درخواست پر سماعت ہوئی۔عدالت نے درخواست پر عامر لیاقت کے ورثا کو بذریعہ پولیس نوٹسز جاری کرتے ہوئے کہا عامر لیاقت کے ورثا عدالت میں پیش ہوں یا جواب داخل کریں۔
عدالت نے عامر لیاقت کے ورثا سے ہفتے کی صبح 9 بجے تک جواب طلب کرلیا، ڈاکٹر عامر لیاقت کے ورثا نے عدالتی اجازت سے بغیر پوسٹ مارٹم تدفین کی تھی۔
درخواست میں کہا گیا کہ عامر لیاقت کی اچانک موت سے ان کے مداحوں میں شکوک و شبہات ہیں، شبہ ہے عامر لیاقت کو جائیداد کے تنازعے ہر قتل کیا گیا ہے۔
درخواست گزار نے عامر لیاقت کی قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کے لئے خصوصی بورڈ تشکیل دینے کی استدعا کی تھی۔
واضح رہے کہ عامر لیاقت حسین 9 جون کو اچانک انتقال کر گئے تھے ، وہ اپنے گھر میں مردہ پائے گئے تھے،جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا ، جہاں ڈاکٹروں کی ان کی موت کی تصدیق کی تھی تاہم عامر لیاقت کے اہلخانہ نے پوسٹ مارٹم سے انکار کردیا تھا