نارووال (نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھا ہے اور پاکستان میں معاشی بحالی کو تقویت ملے گی،نوجوان کے مستقبل کا انحصار ہماری معیشت کی بحالی سے ہے ،معاہدے سے پی ٹی آئی میں صف ماتم بچھ گئی ہے،نواز شریف پاکستان واپس آ کر پارٹی کی انتخابی مہم چلائیں گے ،2018 کی سازش 1971 کے سانحہ سے کم نہیں تھی،1971 میں پاکستان کا جغرافیہ کاٹا گیا 2018 میں پاکستان سے پاکستان کا معاشی مستقبل چھینا گیا۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی تجدید سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھا ہے ،آئی ایم ایف سے معاہدے کو کامیاب کرنے میں ہماری وزارت خزانہ نے بہت محنت کی ،خاص طور پر وزیر اعظم پاکستان نے پیرس میں آئی ایم ایف کے ایم ڈی کے ساتھ انگیج منٹ کی اس سے بریک تھرو میں مدد ملی ،آئی ایم ایف سے معاہدہ ہونا اس لئے بھی ضروری تھا کیونکہ پاکستان کے خلاف ایک مہم چلائی جا رہی تھی کہ خدانخواستہ پاکستان ڈیفالٹ ہونے جا رہا ہے ،اس مہم کے پیچھے کوئی غیر یا بیرونی عناصر نہیں تھے بلکہ اس مہم کے پیچھے اپنے پیش پیش تھے ،پی ٹی آئی چیئرمین اور اس کا جو گروہ ہے اس نے پاکستان کو ڈیفالٹ کروانے کی بھرپور کوشش کی لیکن وہ ناکام ہوئے ،آئی ایم ایف سے معاہدے پر پاکستان کے دوست ممالک میں اطمینان کی لہر دوڑی ہے ، دوسری جانب پی ٹی آئی کی صفوں میں ماتم بچھ گیا ہے ،میں حیران ہوں کہ ملک کے بھلے کی ان کو اتنی تکلیف کیوں ہے؟ پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف معاہدے کو روکنے کے لئے اپنی صوبائی حکومتوں کا استعمال کیا ،اب حال میں امریکہ کے اندر ایک بھرپور مہم چلائی گئی ،پی ٹی آئی کے لوگ امریکی گانگرس کے سینٹرز سے ملتے رہے تاکہ پاکستان پر ویزا کی بھی پابندیاں لگ سکیں ۔احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں آج تک چاہے وہ کتنا بھی بڑا سیاسی مخالف ہو ریاست مخالف سرگرمیاں نہیں کیں ،پاکستان کی ریاست کے خلاف پاکستان کے برینڈ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ،جس طریقے سے انہوں نے پاکستان کے کلیدی مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ،پی ٹی آئی چیئرمین نے جس طرح پاکستان کے برینڈ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی اس کی مثالی پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان کے مستقبل کا انحصار ہماری معیشت کی بحالی سے ہے ہم اپنے نوجوان کو ایک ایسا پاکستان دے کر جائیں گے جس کے اندر 2047 جب پاکستان 100 سال پورے کرے گا پاکستان کو دنیا کی صف اول کی معیشت کا خواب دے کر جائیں گے ۔احسن اقبال نے کہا کہ نواز شریف پاکستان واپس آ کر پارٹی کی مہم کو چلائیں گے کیونکہ سب کو معلوم ہو چکا ہے کہ نواز شریف کو ایک سازش کے ذریعے وزارت عظمی سے ہٹایا گیا کیونکہ پاکستان پر ایک نااہل ناتجربہ کار شخص کو مسلط کرنا تھا میرے نزدیک 2018 کی سازش 1971 کے سانحہ سے کم نہیں تھی1971 میں پاکستان کا جغرافیہ کاٹا گیا 2018 میں پاکستان سے پاکستان کا معاشی مستقبل چھینا گیا۔