کراچی ( نمائندہ خصوصی ) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کراچی ایئر پورٹ پر 832 PK سے آنے والے حاجیوں کا استقبال کیا۔ گورنر سندھ نے واپس آنے والی پہلی حج فلائٹ کے 361 حجاج کرام کو حج کی ادائیگی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ہار پہنائے، گورنر سندھ نے کہا کہ اس عظیم فریضہ کی ادائیگی پر حجاج کرام کو مبارک باد بھی پیش کی۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حجاج کرام نے حج کے دوران پاکستان کے استحکام و سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں کیں، اور میں یہ سمجھتا ہوں کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ اور ملک سے ڈیفالٹ کے خطرے کا ٹلنا ان ہی کی دعاﺅں کے باعث ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے پر میں وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور وزیر خزانہ استحاق ڈار کو مبارکباد دیتا ہوں ، لیکن اب ہمیں کوشش کرنا ہوگی کہ یہ آئی ایم ایف سے لیا جانے ولا آخری قرض ثابت ہو، ہمیں اپنے پاک وطن کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے، اسے معاشی طور پرمستحکم بنانا ہے تاکہ ترقی و خوشحالی کے ایک سنہرے دور کا آغاز کیا جاسکے، انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ کے عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے اداروں کی توجہ مبذول کرواتا رہوں گا اور بطور وفاق کے نمائندے کے ہر اس چیز کے خلاف آواز اُٹھاﺅں گا جو عوامی مفاد کے خلاف ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کے تین دنوں میں 20ہزار افراد میںراشن تقسیم کیا گیا جبکہ 10ہزار مزید افراد کی رجسٹریشن جاری ہے، انہیں بھی راشن بیگز دئےے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نیتوں کے اخلاص کو دیکھتا ہے یہی وجہ ہے کہ صوبہ کے مخیر اور صاحب ثروت افراد میرے عوامی فلاح و بہبود کے ہر کام میں ساتھ دینے کے لئے تیار ہیں ۔