دبئی ( نمائندہ خصوصی ) مسلم لیگ(ن)کے قائد سابق وزیر اعظم نوازشریف نے کہاہے کہ پاکستانی برادری کا قیمتی زرمبادلہ پاکستان کی معیشت کا اہم جز ہے،ن لیگ کی قیادت نے ہمیشہ پاکستان کو مشکلات سے نکالا ،اب بھی پاکستانی معیشت کو بھنور سے نکالے گی۔سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے مسلم لیگ (ن )یو اے ای کے عہدیدران نے ملاقات کی جس میں مریم نواز بھی شامل تھیں ۔مسلم لیگ یو اے ای کے وفد کی قیادت (ن )لیگ یو اے ای کے صدر غلام مصطفی مغل نے کی ۔ اس موقع پر نواز شریف نے سب کو عید کی مبارک باد دی ۔مسلم لیگ گلف کے صدر ایم این اے احسان الحق باجوہ بھی ملاقات میں شریک تھے ۔وفد میں ایم پی اے آزاد علی تبسم ،غوث قادری ،عبدالوحید پال،ابوبکر آفندی،چوہدری عبدالغفار اور افتخار بٹ بھی شریک تھے۔ نواز شریف سے وفد کی ملاقات میں ملک کے سیاسی و معاشی مستقبل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نواز شریف نے مسلم لیگ (ن) امارات کی قیادت اور پاکستانی برادری کے کردار کو سراہا۔مسلم لیگ (ن) امارات کے وفد نے نواز شریف سے انتخابات میں بھر پور حصہ لینے کے عزم کا اظہار کیا اور مریم نواز کی قائدانہ صلاحیتوں کا بھی اعتراف کیا۔وفد کے عہدیدار نے کہا کہ نواز شریف کو پھر سے ملک کی قیادت سنبھالتے دیکھنا چاہتے ہیں۔ سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہاکہ پاکستانی برادری کا قیمتی زرمبادلہ پاکستان کی معیشت کا اہم جز ہے،ن لیگ کی قیادت نے ہمیشہ پاکستان کو مشکلات سے نکالا ،اب بھی پاکستانی معیشت کو بھنور سے نکالے گی۔