اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر، سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ قومی ایئر لائن پی آئی اے کی نجکاری ایجنڈے کا حصہ نہیں ہونی چاہیے۔اپنے بیان میں سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے مطالبہ کیا کہ پی آئی اے کی تنظیمِ نو اور بحالی کمیٹی میں سی بی اے اور دیگر ایسوسی ایشنز کو لیا جائے۔انہوںنے کہاکہ ہوا بازی کے شعبے کے لیے خصوصی ریگولیٹرز مقرر کیے جائیں، وزیرِ اعظم کو یاد رکھنا چاہیے کہ ماضی میں وزراءپر مشتمل کمیٹیاں حل تلاش نہ کر سکیں۔رضا ربانی نے کہا کہ ماضی کی کمیٹیاں حل اس لیے تلاش نہ کر سکیں کہ ان کے حل زمینی حقائق کے برعکس تھے، ماضی میں اصل شراکت داروں سے مشاورت نہیں کی گئی۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے حل کے لیے جامع سوچ درکار ہے، تمام شراکت داروں کو حل کے لیے کام کرنا ہو گا۔سابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پائلٹس کی تنخواہوں میں ابھی اضافہ کیا گیا ہے اب دیگر ورکرز کی تنخواہیں بھی بڑھائی جائیں، یونین کے بغیر کسی بھی حل کی مزاحمت کی جائے گی۔سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ حکومت کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے ایئر پورٹس آﺅٹ سورس نہ کرے، یہ حساس قومی اثاثے ہیں جن کی اسٹریٹجک اہمیت ہے۔