نارنگ منڈی (نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سیاسی جماعت نہیں بلکہ شرپسندوں کا ٹولہ ہے،پی ٹی آئی چیئرمین نے گزشتہ چار سالوں میں ہماری نوجوان نسلوں کے ذہنوں کو واش کیا، گالم گلوچ کو فروغ دیا، 9 مئی کو ہمارے شہدا ءکی بے حرمتی کی گئی، شہیدوں کے مجسموں کو توڑا گیا۔نارنگ منڈی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ جو پی ٹی آئی چیئرمین نے کر دیا ہے کافی ہے، ہمیں کچھ کرنے کی ضرورت نہیں، پی ٹی آئی چیئرمین کی لاکھ کوششوں کے باوجود شہباز شریف نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کر لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)نے اپنے ادوار میں موٹروےز، ایئرپورٹس بنائے، ہم نے ایٹمی دھماکے کئے، پی ٹی آئی چیئرمین نے اپنے چار سالہ دور میں ملک میں غیر شرعی روایات کو فروغ دیا، مسلم لیگ (ن)آئندہ الیکشن میں واضح اکثریت حاصل کرے گی۔انہوںنے کہا کہ ملکی ترقی و خوشحالی سیاسی استحکام سے ہی ممکن ہے ،پاکستان مسلم لیگ (ن)جب بھی اقتدار میں آئی ملکی معیشت پر بھرپور توجہ دی ،پاکستان مسلم لیگ (ن)کا منشور ہی عوامی خدمت ہے ۔ انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ انتشار پر مبنی سیاست کی ہے اور قوم کو گمراہ کیا ہے جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کی حکومت نے حالات کو احسن طریقہ سے کنٹرول کرکے ملک و قوم کو مزید سانحات سے بچا لیا،پی ٹی آئی انتشار پسندوں کا ٹولہ ہے ،نو مئی کے واقعات سے پوری قوم پی ٹی آئی کو نفرت کی نگاہ سے دیکھتی ہے ،نو مئی کی شرانگیز کارروائیوں کے بعد پی ٹی آئی کا سیاسی عمل میں کوئی کردار نہیں رہا ،عمران خان کا بیانیہ اور سازشیں قوم پر آشکار ہو چکی ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک سے انتشار پسندی کا خاتمہ اور امن و امان کی فضا ءکو قائم رکھنے کے لئے حکومت ٹھوس اقدامات بروئے کار لا رہی ہے ،حکومت ملک سے انتشار پسندی کی سیاست کا خاتمہ کرکے دم لے گی ۔