اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )پاکستان اور آئی ایم ایف معاہدے کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ، پاکستان کے بیرونِ ملک جاری کیے گئے بانڈز کی قیمت میں اضافہ ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق سال 2024 میں ختم ہونے والے ایک ارب ڈالر مالیت کے یورو بانڈز میں 16 سینٹ کا اضافہ ہوگیا جس کے بعد 71 سینٹ پر ٹریڈ ہونے لگا۔2025میں ختم ہونے والے پچاس کروڑ ڈالر مالیت کے بانڈز قیمت میں 13 سینٹ کا اضافہ کے بعد 55 سینٹ پر پہنچ گئے جبکہ اکتوبر 2022 سے پاکستانی بانڈز کی قیمت میں 70 سے 80 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔واضح رہے کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف)اور پاکستان کے درمیان 3 ارب ڈالر کا اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدہ ہو گیا ہے۔عالمی مالیاتی فنڈ کے اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری دے گا اور ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس جولائی کے وسط میں ہوگا۔اعلامیے میں کہا گیا کہ معاہدہ پاکستان کی بیرونی ادائیگیوں کا دبا کم کرے گا اور سماجی شعبے کیلئے فنڈز کی فراہمی بہتر ہوگی جبکہ معاہدہ پاکستان میں ٹیکسز کی آمدن بڑھائے گا۔اعلامیے میں کہا گیا کہ ٹیکس کی آمدن بڑھنے سے عوام کی ترقی کیلئے فنڈنگ بڑھ سکے گی، معاہدہ پاکستان میں مالی نظم و ضبط کا باعث بنے گا اور معاہدے سے توانائی کی اصلاحات یقینی بنائی جائیں گی جبکہ ایکسچینج ریٹ کو مارکیٹ کے حساب سے مقرر کیا جائے گا۔