اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سویڈن میں مسجد کے سامنے قرآن پاک کو سرعام نذر آتش کرنے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا واضح مقصد پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا ہے جس منحرف کردار نے اس قابل مذمت فعل کا ارتکاب کیا ہے اس نے درحقیقت انسانیت کی مشترکہ اقدار کی توہین کی ہے۔ اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ سویڈن میں ایک مسجد کے سامنے قرآن پاک کو سرعام نذرآتش کرنے کے واقعہ سے پریشان کن ہے، ایسی گھٹیا، نفرت انگیز اور گھنانی اسلام مخالف حرکتوں سے بین الاقوامی قوانین کی ڈھٹائی سے خلاف ورزیاں کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے پاس الفاظ نہیں ہیں کہ میں اس اسلام مخالف عمل کی مذمت کروں جس کا واضح مقصد پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن پاک پوری انسانیت کے لئے محبت، امن اور حکمت کی کتاب ہے اور جس منحرف کردار نے اس قابل مذمت فعل کا ارتکاب کیا اس نے درحقیقت انسانیت کی مشترکہ اقدار کی توہین کی ہے۔