کراچی(نمائندہ خصوصی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے عید الاضحی کی نماز گلشن جناح ،اولڈ پولو گرائونڈ میں ادا کی۔ متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی،میئر کراچی مرتضی وہاب ،ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد، متحدہ عرب امارت کے قونصل جنرل ، سیاسی و سماجی رہنما اور معززین شہر بھی شریک تھے۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے قوم کو عید الاضحی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ سنت ابراہیمی کی پیروی میں ہمیں ایسے افراد کو فراموش نہیں کرنا چاہئے جو مہنگائی کی وجہ سے قربانی کرنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گورنر ہاس میں 100 اونٹوں کی قربانی کا اہتمام کیا گیا ہے ،ان اونٹوں کا گوشت مستحق اور ضرورت مند افراد میں تقسیم کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سنت ابراہیمی کی پیروی کرکے معاشرہ کی تمام تاریکیوں کو ختم کیا جاسکتا ہے ، حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنے بیٹے کو قربان کرنے کا عزم اور بیٹے نے اطاعت کرکے احکامات خداوندی کی تعمیل کی، اپنی ذات کو سنت ابراہیمی کی روشنی میں ڈھالنے سے ہم ایک فلاحی معاشرہ قائم کرنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مستحکم ، مضبوط ، خوشحال اور اسلامی فلاحی مملکت بنانے کے لئے ہمیں تمام اختلافات دور کرنے ہونگے، 9مئی کے واقعات کی پوری قوم نے مذمت کی اور یہ ثابت کیا کہ ملکی سلامتی و استحکام کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس عید پر ون پلس ون فارمولہ پر عمل کا عہد کریں اس ضمن میں ہر صاحب حیثیت شخص اپنے کسی رشتہ دار یا دوست کو پانے جیسا بننے میں مدد دے تاکہ ملک کی سلامتی، ترقی و خوشحالی کے عزم کے ساتھ آنے بڑھنے کی کوشش کرسکیں کیونکہ اس وطن نے ہمیں سب کچھ دیا ہے، نام، شہرت، عزت ، دولت سب اس پاک مٹی کی بدولت ہے، معاشی صورتحال کے پیش نظر وطن کو واپس لوٹانے کا وقت ہے۔ آئیے مل کر عہد کریں کہ اس عید پر خوشیان بانٹیں گے، اتحاد و یگانگت کو فروغ دیں گے۔