اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ ملک کی توانائی کی ضرورت پوری کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، روس کا تیل اور آذربائیجان کی سستی گیس ملنے سے توانائی کی صورتحال بہتر ہو گی۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ اس وقت ملک کو امید کی ضرورت ہے، عوام کو ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، ملک میں تیل اور گیس کے ذخائر تلاش کر رہے ہیں، آنے والے وقت میں بڈنگ کے ذریعے کنووں کی کھدائی کا کام شروع کیا جائے گا، ہم پر ایل این جی کا بوجھ رہتا ہے آنے والے وقت میں وہ بھی ختم کر دیں گے، ایل این جی کا گردشی قرضہ بھی جلد ہی صفر کر دیں گے۔وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے مزید کہا ہے کہ ہم تیل کی ذخیرہ اندوزی روکنے کیلئے بانڈڈ سٹوریج کی پالیسی لا رہے ہیں، ہر وہ تیل کی کمپنی جو صحیح اور بہتر کام کرتی ہے ملک میں کام کرے گی، آنے والے وقت میں پاکستان میں تیل کی قلت نہیں ہو گی، روس کی تیل کی دوسری بڑی شپمنٹ بھی پاکستان پہنچ گئی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ تیل کے ٹریڈرز کو پاکستان میں اپنا اکاو¿نٹ کھولنا ہو گا، اقدام سے ایل سی کھولنے کے مسائل کم ہوں گے، گیس فراہمی کے شیڈول پر عملدرآمد کو خود مانیٹر کرتا ہوں، آذربائیجان ہمیں ہر مہینے سستی گیس دے گا، ملک میں گیس کے بحران کا بھی حل نکال لیا ہے۔مصدق ملک نے کہا سردیاں آنے سے قبل آذربائیجان سے ہمیں سستی گیس مل جائے گی، سستی گیس ملنے کے بعد ملک میں گیس بحران کا خاتمہ ہو گا، وزیر اعظم نے 3 ٹاسک دیئے تھے جن میں توانائی بحران بھی شامل ہے، وزیر اعظم عوام سے کیے گئے وعدے پورے کر رہے ہیں۔