اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) ملک بھر میں عید الاضحی آج جمعرات29جون کو مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی، ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں مساجد ،عیدگاہوں اور کھلے مقامات پرنماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات ہوں گے۔ نماز عید کے اجتماعات میںعلما کرام و خطیب حضرات اپنے خطبات میں عیدالاضحی اور قربانی کی اہمیت اور فلسفہ پر روشنی ڈالیں گے، جبکہ ملکی ترقی اور امت مسلمہ کی فلاح وبہبود، کشمیر اور فلسطین سمیت تمام مسلم مقبوضہ علاقوں کی جلد آزادی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔جہانیاں شہر،ٹھٹھہ صادق آباد سمیت تحصیل بھر میں تین سو سے زائد مقامات پر نماز عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات ہوں گے جبکہ فرزندان اسلام سنت ابراہیمی ادا کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کریں گے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ملک بھر کی طرح جہانیاںشہر اور گردونواح کے علاقوں میں بھی عید االاضحی پورے مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔ نماز عید الاضحی کے بڑے بڑے اجتماع جامع مسجد جیلانی، جامع مسجد مدینہ،سبزہ زار گورنمنٹ ہائی سکول،سبزہ زار میونسپل کمیٹی،سبزہ زار واہلہ سٹیڈیم،سبزہ زار غلہ منڈی، رحیم شاہ،وہنی وال،پل14 ، ٹھٹھہ صادق آباد،پل132، علی شیرواہن میںمنعقد ہوں گے۔ان اجتماعات میں ملک کی سلامتی ترقی خوشحالی،کشمیر و فلسطین کے مسلمانوں اور امن وامان کے قیام اور،امت مسلمہ کے اتحاد کے لئے دعائیں مانگی جائیں گی، عید کے اجتماعات کی حفاظت کے لئے پولیس ،ایلیٹ فورس اور انتظامیہ کی جانب سے خصوصی حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں ۔عید الاضحی کے موقع پر امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے کیلئے سکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر کے انہیں ڈیوٹی پر موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔علاوہ ازیں ریسکیو 1122 و عملہ صفائی کے اہلکار بھی ڈیوٹیوں پر حاضر رہیں گے۔اسی طرح تمام سرکاری ہسپتالوں کا ایمرجنسی سٹاف بھی معمول کے مطابق اپنے فرائض سر انجام دے گا۔ عیدالاضحی کے سلسلہ میں تمام سرکاری، نیم سرکاری، نجی ادارے، بینک، عدالتیںبھی بند رہیں گے۔ اسی طرح حکومتی ہدایات کی روشنی میں ریسکیو 1122 اور سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ، ضلعی حکومتوں، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، ٹی ایم ایز و ٹاونز کے عملہ صفائی کی چھٹیاں بھی منسوخ کر کے انہیں ڈیوٹی پر حاضر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے نیز عملہ صفائی کو خصوصی ٹرانسپورٹ بھی فراہم کر دی گئی ہے تاکہ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں بروقت اٹھا کر تلفی کے مقامات تک پہنچائی جا سکیں۔عید الاضحی کے ایام میں کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کیلئے تمام ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈکوارٹر زہسپتالوں میں ایمرجنسی یونٹس کھلے رہیں گے جہاں ایمرجنسی سٹاف تعینات رہے گا۔ اسی طرح سرجنز و دیگر سپیشلسٹ ڈاکٹرز بھی آن کال رہیں گے۔