اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے عید الاضحی ہمیں ایثار، قربانی، محبت اور رواداری کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی ہمیں حضرت ابراھیم علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد دلاتی ہے جنہوں نے اللہ تعالی کی رضا کی خاطر اپنے بیٹے کو قربان کرنے کا ارادہ کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید الاضحی کی پر مسرت موقع پر پوری مسلم امہ اور خصوصاً پاکستانی عوام کو مبارکباد دیتے ہوے اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں کیا جو جمعرات کے روز پورے ملک میں نہایت مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے دین اسلام کی خاطر بڑی سے بڑی قربانی سے بھی دریغ نا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عیدالضحی کے موقع پر پوری قوم کو اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ ہم ذاتی مفاد، اور دنیاوی لالچ کی بجائے محبت، ایثار اور رواداری سے سرشار ہو کر اپنے ارد گرد ضرورت مندوں اور بے سہارا لوگوں کی مدد کریں اور عید کی اس پرمسرت موقع پر انکو اپنی خوشیوں میں شامل کرنا نا بھولیں۔ اس موقع پر ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا کہ عید الاضحی ہمیں حضرت ابراہیم علیہ سلام کی دین اسلام کی خاطر دی گئی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عید الاضحی کی خوشیوں میں غربائ اور مساکین کو برابر کا شریک کیا جائے۔