لاہور (نمائندہ خصوصی ) استحکام پاکستان پارٹی کے صدرعبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ صرف میرے ساتھ نہیں پوری قوم کے ساتھ دھوکا ہوا، تحریک انصاف کا دی اینڈ ہے، آئندہ عام انتخابات سب کے خلاف لڑیں گے، جیتنے پرجہانگیرترین استحکام پاکستان پارٹی کے وزیراعظم کے امیدوارہوں گے ۔نجی ٹی وی کو انٹرویو میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی بنانے کا فیصلہ سب دوستوں نے ملکرکیا، پی ٹی آئی میں شامل لوگ نیاپاکستان بنانے میں چیئرمین کاساتھ دینا چاہتے تھے اورسب نے اپنے اپنے حصے کے تحت کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ میراپرویزخٹک سے براہ راست رابطہ نہیں ہوا شاہ محمود سے بھی بات نہیں ہوئی، اسد عمرسے ملاقات ہوئی،انہیں پارٹی میں شمولیت کی دعوت بھی دی، اسدعمرسیاست کرنا چاہیں گے توہماری پارٹی میں شامل ہوجائیں گے۔صدرآئی پی پی نے کہا کہ میں نے سب کودعوت دی ہے کسی سے کوئی بات چیت نہیں ہو رہی ، نئی سوچ اورخوبصورت پاکستان کی کوشش کرنےوالا پارٹی میں شامل ہوسکتا ہے، ہراس شخص کیلئے دروازے کھلے ہیں جو9 مئی میں ملوث نہیں تھا۔عید کے بعد بہت سارے دوست استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہوں گے۔ بہت سے لوگ حلقوں اوردوستوں میں مشاورت کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی چھوڑنے والوں میں 25 فیصد سےزائد لوگ ہمیں جوائن کر چکے، جو لوگ علیحدہ ہوئےانہوں نےسیاست کرنی تھی اس لیے پلیٹ فارم چاہیےتھا۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا ساتھ دینے کا فیصلہ اپنی ذات کے لئے نہیں کیا تھا ، یہ سوچ کرفیصلہ کیا تھا کہ ملک کے لئے کچھ کروں گا،اپنے کاروبار کو تحفظ دینا ہوتا تو(ق) لیگ چھوڑکر(ن) لیگ جوائن کرتا،چیئرمین پی ٹی آئی کی ساکھ نمل اورشوکت خانم کی وجہ سے تھی، نمل اورشوکت خانم کودیکھ کرقوم چیئرمین پی ٹی آئی پراعتبارکربیٹھی،میں آج تک شوکت خانم کا سب سے بڑا ڈونرہوں، شوکت خانم کے سی ای اوفیصل سلطان پرراعتبارہے، مجھے اعتماد ہے کہ میرے پیسے بے ایمانی میں نہیں جا رہے۔