اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ فوجی تنصیبات،یادگار شہدا پر حملوں میں ملوث افراد کا احتساب قابل تحسین ہے،سوشل میڈیا پر پابندی کا آپشن موجود ہے،انسانی سمگلنگ کے خلاف ریاست کو پوری طاقت سے حملہ کرنا ہو گا،الیکشن وقت پر ہوں گے،کوئی رکاوٹ نظر نہیں آرہی۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ عسکری اداروں پر حملوں میں ملوث سویلین کے کیس ملٹری کورٹ میں چلانے سے متعلق بات چل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ قانون کو حرکت میں لانے کے لیے رکاوٹیں عبور کرنی پڑ رہی ہیں، جو جلد عبور ہو جائیں گی۔ انہوںنے کہاکہ سوشل میڈیا پر پابندی لگانے کا آپشن ہر وقت موجود ہے اور عمل بھی کیا جاسکتا ہے۔خواجہ آصف نے کہاکہ 9مئی کے ملزمان کو جب تک سزا نہیں ملے گی صرف پارٹی پر پابندی لگانا حل نہیں، سوشل میڈیا یورپ اور چین میں بھی ریگولیٹ ہو رہا ہے یہاں بھی ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا ہے کہ فوجی تنصیبات،یادگار شہدا پر حملوں میں ملوث افراد کا احتساب قابل تحسین ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ ہر جگہ سوشل میڈیا کو مانیٹر کیا جاتا ہے، ہمارے ہاں سوشل میڈیا پر لوگوں کو بغاوت پر اکسایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ کے خلاف ریاست کو پوری طاقت سے حملہ کرنا ہو گا، منشیات کی سزا سعودی عرب میں سر قلم کرنا ہے آج بھی لوگ منشیات لے کر جاتے ہیں، متعلقہ اداروں کو انسانی اسمگلنگ روکنے سے متعلق بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن میں کوئی رکاوٹ نظر نہیں آرہی الیکشن وقت پر ہوں گے، نواز شریف کے ساتھ بہت بڑی ناانصافی ہوئی، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل اور قید کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس میں 4 سو سے زائد پاکستانیوں کا نام تھا، نواز شریف کا نام بھی نہیں تھا ان پر کیس چلایا گیا، ان کو جھوٹے کیس میں نااہل کیا گیا، پہلے اس کا سدباب ہونا چاہئے۔