اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے عازمین کو حج کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے تمام عالم اسلام کی ترقی وخوشحالی اور درپیش مشکلات سے نجات کے لیے دعا کی ہے ۔ منگل کو یوم عرفہ کے موقع پر اپنے پیغام میں سپیکر نے کہا کہ حج کے بہترین انتظامات پر پاکستان اور سعودی عرب کی حکومتوں اور با الخصوص خادم حرمین الشریفین کو خراج تحسین کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ حج اسلام کا اہم رکن ہے اس فریضہ کی ادائیگی باعث سعادت ہے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ اس بابرکت اور مبارک دن کے صدقے تمام عالم اسلام پر اپنا خصوصی فضل و کرم اور مہربانی فرمائے اور ہمیں انفرادی واجتماعی مالی، معاشی اور سیاسی مشکلات سے نجات عطا فرمائے ۔ اللہ تعالی مقبوضہ فلسطین اور کشمیر کی آزادی کے لیے جاری کوششوں کو کامیاب کرے۔اللہ تعالی بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر اور فلسطین میں بسنے والے مظلوم انسانوں کو دکھوں اور مصائب سے نجات عطا فرمائے۔ انہوں نے دعا کی کہ ہماری مشترکہ کوششوں کی بدولت آنے والےوقت میں استحکام آئے اور ترقی اور خوشحالی کی منازل طے کرے۔