لاہور(نمائندہ خصوصی) پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی نے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے 9مئی کو جلاﺅ گھیراﺅ کی رپورٹ تیار کر لی ۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کو 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے مختلف ویڈیوز بھجوائی گئی تھیںجس کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد رپورٹ تیار کر لی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق ہجوم لبرٹی چوک سے گرجا چوک تک گیا ،ویڈیو ز میں نظر آنے والے ملزم اعجاز چودھری کی موجودگی کی بھی تصدیق کی گئی ہے ،9مئی کے واقعے میں گرفتار ملزمان ان ویڈیوز میں کارروائیاں کرتے نظر آرہے ہیں۔ہجوم میں شامل افراد ڈنڈوں ، جھنڈوں کے ساتھ شیر پاﺅ برج پر 4بج کر 57منٹ پر پیدل گئے تھے ،موٹر سائیکل سواروں کا ہجوم بھی 5بج کر 10منٹ پر گرجا چوک پر اکٹھا ہوا،طفیل روڈ ، اسد جان روڈ پر 5بج کر 16منٹ پر ہجوم کی موجودگی کے شواہد مل گئے ہیں،ہجوم کے افشاں چوک ، فورٹریس اسٹیڈیم چوک ، میڈیکل چوک میں بھی موجودگی کے شواہد مل گئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق ہجوم کے 8بج کر 40منٹ پر سی ایس ڈی میں داخل ہونے کے شواہد بھی ملے ہیں ۔پولیس کے مطابق تمام ویڈیوز کی تجزیاتی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے گی تاکہ ملزمان کو سزائیں مل سکیں ۔